Thursday, 27 March 2025

لالچ بُری بلا ہے lalach buri bala hai urdu story

                        لالچ بُری بلا ہے


ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ تین دوست کہیں  سفر پر جارہے تھے چلتے چلتے وہ  ایک شہر کے قریب پہنچے۔ دن بھر کے سفر سے کافی تھک چکے تھے۔ایک درخت کے نیچے سستانے کے لیئے بیٹھ گئے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ان کے پاس ہی ایک پوٹلی سی پڑی ہے۔ اُٹھا کر دیکھا تو روپوں کی تھیلی تھی۔ مارے خوشی کے اُچھل پڑے کہ بغیر کسی محنت اور  کوشش کے اتنی بڑی رقم ہاتھ لگ گئی ہے۔ اس اثنا میں انہیں کافی بھوک بھی محسوس ہونے لگی تھی۔ انھوں نے طے کیا کہ پہلے کھانے کا بندوبست کریں ۔بعد میں اس رقم کو آپس میں برابر  برابر تقسیم کریں گے۔ شہر قریب ہی  تھا۔ انہوں نے اپنے میں سی ایک ساتھی کو کچھ روپے دے کر شہر بھیجا کہ پُر تکلف قسم کا کھانا لے آئے۔ جب وہ کھانا لینے چلاگیا، تو باقی دو دوستوں نے آپس میں یہی  سوچا کہ اگر ہم اس رقم کو تین حصوں  میں تقسیم کیا تو تھوڑی تھوڑی رقم ہی ہمارے ہاتھ لگے گی۔ کیوں نہ ہم تیسرے کا قصہ پاک کر دیں۔ اور اس رقم کو دو برابر حصوں  میں بانٹ لیں۔

چنانچہ اُنہوں نے فیصلہ کیا کہ جونہی  تیسرا ساتھی شہر سے واپس آئے اُسے مار ڈالیں۔ خدا کی قدرت کہ اُدھر اسی قسم کا خیال تیسرے دوست کے دل میں بھی پیدا ہوا۔ وہ اپناسوچ رہا تھا کہ تیسرے حصے کی رقم سے میرا کیا بنے گا۔ بہتر یہی ہے کہ باقی دونوں کو راستے سے ہٹا دوں۔ اور پوری کی پوری رقم پر قبضہ کرلوں۔ اُس خیال کہ پیشِ نظر اُس نے اُن کے کھانے میں زہر ملا دیا۔

دونوں ساتھی کھانے کے انتظار میں بیٹھے  تھے۔ جب تیسرا ساتھی کھانا لے کر آیا تو دونوں اس پر یہ کہتے  ہوئے پل پڑے کہ تم نے آج ہمیں بھوکوں مار دیا ہے۔ ہم اتنی دیر سی تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔ تم جان بوجھ کر اتنا وقت لگا کر آئے ہو۔ ہمیں تمہاری نیت پر شبہ  ہے۔ یہ کہا اور اُسے مارتے مارتے ہلاک کر دیا۔ پھر خود بڑے اطمینان سے کھانا کھانے بیٹھ گئے  ۔کھانا کھا چکنے کے بعد تھوڑی ہی دیر  گزری تھی کہ زہر نے اپنا اثر دکھانا  شروع کر دیا ۔ کو ئی گھنٹہ بھر میں دونوں زمین پر ڈھیر  تھے۔ یُوں لالچ نے تینوں کی جان لے لی۔

                  

                 "سچ ہے لالچ بُری بلا ہے"







Popular Posts